ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : نیشنل ہائی وے 66 پر بند کردیا گیا بینگا سرنگ کا استعمال

کاروار : نیشنل ہائی وے 66 پر بند کردیا گیا بینگا سرنگ کا استعمال

Sun, 09 Jul 2023 21:33:03    S.O. News Service

کاروار 9 / جولائی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر چار لین توسیعی منصوبے کے تحت لندن برڈج سے بینگا تک کی سرنگ کو موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے فوری طور پر بند کر دیا گیا ۔
    
خیال رہے کہ کل ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ساتھ منعقدہ ڈسیاسٹر منیجمنٹ سے متعلق میٹنگ میں اس سرنگ کے عوامی استعمال کے لئے محفوظ ہونے یا نہ ہونے کا مسئلہ اٹھا تھا اور اس ضمن میں آئی آر بی کی طرف سے امکانی رپورٹ موصول نہ ہونے کی بات سامنے آئی تھی ۔ جس کے بعد طے کیا گیا تھا کہ ایسی صورت میں اس سرنگ کو عام استعمال کے لئے کھلا نہ رکھا جائے ۔ اسی پس منظر میں ڈپٹی کمشنر نے فوری احکام جاری کرتے ہوئے آج اتوار کے دن سے اس سرنگ کے ذریعہ آمد و رفت کا راستہ بند کردیا گیا ہے ۔
    
فور لین توسیعی منصوبہ کے تحت شہر سے الیگدّا تک اور الیگدّا سے بینگا تک تقریباً 650 میٹر طویل دو طرفہ سرنگیں بنائی گئی ہیں ۔ ایک طرف کی سرنگ میں امسال 6 جنوری سے ٹریفک کی اجازت دی گئی تھی جبکہ دوسری طرف والی سرنگ میں 5 جون سے ٹریفک شروع کی گئی تھی ۔  دونوں سے ٹریفک شروع ہونے کے ایک مہینے کے اندر ہی اسے بند کر دیا گیا ہے ۔ کیونکہ پچھلے کچھ دنوں سے ہو رہی مسلسل برسات کے بعد اس سرنگ میں بڑے پیمانے پر پانی رِسنا شروع ہوگیا تھا ۔ اور اسی بات کو لے کر ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور ایم ایل اے ستیش سائل نے سوال اٹھائے تھے اور سرنگ کو بند کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ 
    
ضلع ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی کی طرف سے جاری کردہ حکم میں بتایا گیا ہے کہ آئی آر بی کی طرف سے ضروری تفصیلی رپورٹ ملنے تک اس سرنگ کے ذریعہ ہونے والی ٹریفک پر پابندی رہے گی ۔ اس حکم پر عمل پیرائی کے لئے بینگا اور لندن برڈج کے پاس ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور بیریکیڈس لگا کر سرنگ کا راستہ بند کردیا گیا ہے ۔ اسی کے ساتھ موٹر گاڑیوں کے لئے بیت کول سے پرانے نیشنل ہائی وے سے گزرنے دیا جا رہا ہے ۔    
    


Share: